نیتن یاہو کی گرفتاری وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کا مطالبہ

نیویارک: نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی گرفتاری کا اختیار شہری انتظامیہ کے پاس نہیں، تاہم امریکی وفاقی حکومت اس حوالے سے قانونی کارروائی کر سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں ظہران ممدانی نے واضح کیا کہ نیویارک سٹی کی انتظامیہ کے پاس ایسا کوئی قانونی اختیار موجود نہیں جس کے تحت وہ نیتن یاہو کو گرفتار کر سکے، تاہم وفاقی حکومت اس معاملے میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق کارروائی کر سکتی ہے۔
انہوں نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے ساتھ تعاون کرے اور عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے گرفتاری وارنٹ پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
ظہران ممدانی نے کہا کہ وہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق نیویارک سٹی انتظامیہ نے موجودہ قانونی فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لیا، جس کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ شہر کی حکومت کے پاس اسرائیلی وزیراعظم کو گرفتار کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے نیتن یاہو پر فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات کا بھی ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ ہزاروں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔ ظہران ممدانی نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کا نیویارک میں خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں