واشنگٹن: ایک حالیہ عوامی سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکا میں اکثریت ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے کو درست نہیں سمجھتی۔
سروے کے مطابق 57 فیصد امریکی شہریوں نے رائے دی کہ ایران کے خلاف جنگ کا فیصلہ غلط تھا، جبکہ صرف 27 فیصد افراد نے حکومتی اقدام کی حمایت کرتے ہوئے اسے درست قرار دیا۔ دیگر شرکاء نے یا تو اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دی یا غیر جانبدار موقف اختیار کیا۔
رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ امریکی عوام کی ایک بڑی تعداد کو خدشہ ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی جلد ختم نہیں ہوگی۔ سروے میں شامل 46 فیصد افراد کا خیال ہے کہ یہ تنازع ایک سال یا اس سے بھی زیادہ عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سروے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جنگ کے ممکنہ طویل دورانیے، معاشی اثرات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے امریکی عوام میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تنازع طول پکڑتا ہے تو اس کے اثرات امریکی معیشت کے ساتھ ساتھ عالمی توانائی کی منڈی، خام تیل کی قیمتوں اور مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی صورتحال پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے عوامی سروے مستقبل میں امریکی خارجہ پالیسی، جنگی حکمت عملی اور حکومتی فیصلوں کے لیے عوامی حمایت پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔






