جکارتہ(قوم نیوز)انڈونیشیا کے شورش زدہ مشرقی صوبے پاپوا میں علیحدگی پسند باغیوں نے امریکی پائلٹ کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد طیارے کو نذر آتش کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کی تصدیق انڈونیشیا کی علیحدگی پسند مسلح جماعت ویسٹ پاپوا نیشنل لبریشن آرمی کے ترجمان سیبی سامبوم نے اپنے ایک بیان میں کی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے امریکی پائلٹ کی شناخت نکولس ایف گوسیلن کے نام سے ہوئی ہے۔ طیارے نے پاپوا صوبے کے ضلع ہائی یاہوکیمو میں لینڈنگ کی تھی۔طیارے پر حملہ کرنے والے باغیوں نے الزام عائد کیا کہ یہ طیارہ بار بار انڈونیشی فوجی اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور ان کی جانب سے جاری انتباہ کو نظر انداز کیا۔حملے کے بعد باغیوں کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں مسلح افراد کو بندوقوں اور کلہاڑیوں کے ساتھ مارننگ سٹار پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا جو پاپوا کی آزادی کی تحریک کی علامت سمجھا جاتا ہےباغیوں نے خبردار کیا کہ اگر انڈونیشیا نے ان کے زیرِ اثر علاقوں میں شہری طیاروں کی پروازیں جاری رکھیں تو ایسے حملے مزید کیے جائیں گے۔تاحال امریکی سفارت خانے نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ادھر انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ یہ طیارہ وامینا سے یاہوکیمو جا رہا تھا اور لینڈنگ کے فوراً بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔







