تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی حالیہ فوجی کارروائیوں کے ردعمل میں کویت اور بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو مشترکہ میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کی علی الصبح مقامی وقت کے مطابق دو سے تین بجے کے درمیان بحریہ اور ایرو اسپیس فورس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کویت کے علی السالم ایئر بیس اور بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر پورٹ سلمان پر حملے کیے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں امریکی فوج کے آٹھ اہم فوجی انفراسٹرکچر اور تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا۔ ایرانی حکام نے اس آپریشن کو امریکا کے حالیہ حملوں کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب قرار دیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکا نے اتوار کے روز ایران کے پانچ ساحلی مقامات کو نشانہ بنایا تھا، جو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں امریکا نے ایران کے خلاف کسی بھی نوعیت کی فوجی کارروائی کی تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا، چاہے حملے کی شدت یا نوعیت کچھ بھی ہو۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ایران کے ان دعوؤں کی فوری طور پر نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔







