آبنائے ہرمز میں ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران عمان کے ساحل کے قریب امریکی فوج کا ایک اپاچی ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، تاہم اس میں سوار دونوں اہلکار محفوظ رہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اپنے بیان میں بتایا کہ حادثہ معمول کی گشتی پرواز کے دوران پیش آیا۔
امریکی فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر میں موجود دو اہلکاروں کو حادثے کے تقریباً دو گھنٹے بعد ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت سمندر سے نکال لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹر سمندر میں ڈوب گیا۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ فنی خرابی، موسمی عوامل یا کسی اور سبب کے باعث پیش آیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی میڈیا سے گفتگو میں دونوں اہلکاروں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف امریکی فوجی سرگرمیاں جاری ہیں اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔







