گزشتہ روز ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد اسرائیل نے ایران پر فضائی کارروائی کرتے ہوئے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تہران، تبریز اور اصفہان سمیت متعدد شہروں میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
بین الاقوامی اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران سمیت کئی علاقوں میں ایک کے بعد ایک دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے لگے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ایران نے گزشتہ روز شمالی اسرائیل کی طرف بیلسٹک میزائل داغے تھے جنہیں تہران نے لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں اور مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ردعمل قرار دیا تھا۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب امریکہ کی جانب سے فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی جا رہی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطے کے دوران صورتحال کو قابو میں رکھنے پر زور دیا تھا، تاہم تازہ کشیدگی نے خطے میں تناؤ کو مزید بڑھا دیا ہے۔







