بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان ایک بار پھر شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں اور اس بار وہ اپنی گرل فرینڈ گوری اسپراٹ کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 61 سالہ اداکار آئندہ ماہ شادی کے بندھن میں بندھیں گے، جبکہ یہ تقریب 5 جولائی کو نہایت نجی اور سادہ انداز میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس شادی میں صرف دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور چند مخصوص دوستوں کو ہی مدعو کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق یہ رشتہ یا تو کورٹ میرج کے ذریعے یا گھر پر رسمی دستخط کے ذریعے قانونی شکل دی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق عامر خان اور گوری اسپراٹ گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عامر خان نے گزشتہ سال اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں پہلی بار گوری اسپراٹ کو میڈیا کے سامنے اپنی پارٹنر کے طور پر متعارف کرایا تھا۔
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل انہوں نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی جو 2002 میں اختتام پذیر ہوئی، جبکہ اس رشتے سے ان کے دو بچے جنید اور آئرا ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے 2005 میں فلم ساز کرن راؤ سے دوسری شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں کی علیحدگی ہو گئی۔ اس کے باوجود دونوں اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔







