تل ابیب: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی اور فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے دعووں کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے واضح کر دیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اپنی طے شدہ حکمتِ عملی کے مطابق کارروائیاں جاری رکھے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل اپنے شہریوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ اگر حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو بیروت میں موجود ان اہداف پر کارروائی کی جائے گی جنہیں اسرائیل اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق جنوبی لبنان میں جاری فوجی سرگرمیاں پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت جاری رہیں گی اور اسرائیل کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ لبنان کی جانب پیش قدمی روک دی گئی ہے اور تعینات فوجی دستوں کو واپس بلانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے پر اتفاق ہوا ہے اور دونوں فریق ایک دوسرے پر حملوں سے گریز کریں گے۔
تاہم نیتن یاہو کے تازہ بیان کے بعد خطے میں ممکنہ جنگ بندی اور صورتحال کے مستقبل پر نئے سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔







