تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک امریکی فضائی اڈے پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ کیا ہے۔
ایرانی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے ایک امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا، جہاں سے مبینہ طور پر ایران کے صوبہ ہرمزگان کے جزیرے سِرک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر حملہ کیا گیا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے اس اڈے کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا، جہاں سے امریکی افواج نے مواصلاتی نظام کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔
ان کے مطابق یہ حملہ امریکی کارروائی کی اطلاع ملنے کے چند گھنٹے بعد کیا گیا اور پہلے سے طے شدہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے گوروک اور قشم جزیرے میں موجود اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جو آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہیں۔
سینٹکام کے مطابق یہ کارروائی ایران کی جانب سے امریکی ڈرون مار گرائے جانے کے ردعمل میں کی گئی ہے۔






