تھلاپتی وجے کے ساتھی اداکار جے نے اسلام قبول کرلیا

بھارت: تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جے نے اسلام قبول کرنے کے اپنے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد میں پہلی بار جانے کے بعد انہیں حقیقی معنوں میں یہ احساس ہوا کہ وہاں سب انسان برابر ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار جے نے بتایا کہ انہوں نے 2019 میں اسلام قبول کرنے کی باضابطہ تصدیق کی تھی، تاہم روحانی طور پر وہ 2011 سے اس جانب مائل ہونا شروع ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ کسی ایک لمحے کا نہیں بلکہ ذاتی تجربات اور اندرونی سکون کی تلاش کا نتیجہ تھا۔
اداکار نے بتایا کہ ابتدا میں وہ مختلف مذہبی تجربات سے گزرے، جن میں سبری مالا کے لیے مالا پہننا اور بعد ازاں کچھ عرصے تک عیسائیت کی طرف رجحان بھی شامل تھا۔ ان کے مطابق بعد میں مندروں میں پیش آنے والے بعض تجربات نے انہیں مایوس کیا، جس سے ان کے ذہن میں مزید سوالات پیدا ہوئے۔
جے نے مسجد کے اپنے پہلے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہاں وہ ایک عام نمازی کی طرح صف میں کھڑے ہو کر نماز ادا کر رہے تھے۔ ان کے مطابق لوگوں کو معلوم تھا کہ وہ ایک اداکار ہیں، لیکن مسجد میں کسی نے غیر ضروری توجہ نہیں دی، اور بعد میں لوگوں نے انتہائی شائستگی سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ اسی تجربے نے انہیں یہ احساس دلایا کہ مسجد میں سب برابر ہوتے ہیں، اور عبادت کے دوران ہر شخص صرف اللہ کے سامنے جھکتا ہے، چاہے وہ کتنا ہی بڑا یا مشہور کیوں نہ ہو۔
اداکار جے کے مطابق مسجد کا ماحول ان کے لیے ایک نیا تجربہ تھا جہاں سکون، سادگی اور عبادت میں یکسوئی کا احساس تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی سوچ اور شخصیت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
واضح رہے کہ اداکار جے نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2002 میں تامل ناڈو کے موجودہ وزیراعلیٰ اور اداکار تھلاپتی وجے کے ساتھ فلم سے کیا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں