سعودی عرب میں حج 2026 کے لیے دنیا بھر سے آنے والے عازمینِ حج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق مختلف ممالک سے عازمین کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جبکہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سال حج کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، طبی سہولیات اور ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری کی گئی ہے۔
سعودی سول ڈیفنس، ہلالِ احمر اور سکیورٹی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت نامے کے حج یا مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ انتظامات کو منظم اور محفوظ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب دنیا بھر سے آنے والے عازمین مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عبادات اور تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں مزید لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہے۔







