آبنائے ہرمز میں 26 بحری جہاز ایرانی نگرانی میں گزرے، کنٹرول زون کا نیا نقشہ جاری

تہران: پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز سے 26 بحری جہاز ان کی نگرانی اور اجازت کے تحت گزرے ہیں۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تمام بحری ٹریفک ایرانی بحریہ کے ساتھ رابطے اور اجازت کے بعد ہی اپنی نقل و حرکت جاری رکھ رہی ہے۔
ایران کی خلیجی آبنائے اتھارٹی نے ایک نیا بحری نقشہ بھی جاری کیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کے مخصوص علاقوں کو “کنٹرولڈ میری ٹائم زون” قرار دیا گیا ہے۔ ان علاقوں سے کسی بھی جہاز کی ایرانی اجازت کے بغیر گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق یہ کنٹرولڈ زون کوہِ مبارک سے فجیرہ کے جنوب تک اور جزیرہ قشم سے ام القوین تک پھیلا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت پر مزید کنٹرول سخت کیا ہے، جس کے جواب میں امریکا نے بھی ایرانی بندرگاہوں پر پابندیاں بڑھا دی ہیں۔
ماہرین کے مطابق دنیا کی تقریباً 20 فیصد توانائی کی ترسیل آبنائے ہرمز سے گزرتی ہے، اسی لیے اس اہم آبی گزرگاہ میں کسی بھی رکاوٹ کے عالمی تیل اور توانائی منڈی پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں