روس نے کہا ہے کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔
ماسکو میں پریس کانفرنس کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے کہا کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کا رکن ہے، اس لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت اسے سول اور پرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودگی کا حق حاصل ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کا خیر مقدم کیا جاتا ہے اور جو بھی حل دونوں فریقین کے درمیان طے پائے گا روس اس کی حمایت کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس گزشتہ برسوں سے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے نسبتاً نرم مؤقف رکھتا ہے اور 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کی بھی حمایت کرتا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکا اور اسرائیل کا مؤقف ہے کہ ایران کی یورینیم افزودگی مستقبل میں جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت پیدا کر سکتی ہے، تاہم ایران ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف توانائی، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے ہے۔






