کراچی کی سڑکوں پر کام کرتے ہوئے منظرِ عام پر آنے والے اظہر میمن کی زندگی نے ایک غیر متوقع اور حیران کن موڑ اختیار کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی وائرل ویڈیوز سامنے آنے کے بعد انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن میں بی ایس 16 کی ملازمت کی پیشکش کر دی گئی ہے۔
اظہر میمن نے کراچی کے معروف تعلیمی ادارے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی، تاہم زندگی کے حالات اور مشکلات نے انہیں ایسے مقام پر لا کھڑا کیا کہ وہ کراچی کی سڑکوں پر محنت مزدوری کرتے نظر آئے۔
ان کی ویڈیوز اور انٹرویوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر ہمدردی اور حیرت کی لہر دوڑ گئی کہ ایک اعلیٰ تعلیمی ادارے کا گریجویٹ اس صورتحال تک کیسے پہنچا۔
اظہر میمن کی وائرل ویڈیو کے بعد وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے ان سے ملاقات کی، جس کے بعد ان کی پیشہ ورانہ معاونت کے لیے اقدامات کیے گئے۔ اب انہیں پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک میں گریڈ 16 کی ملازمت کی پیشکش کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کے آفر لیٹر کے ساتھ تصویر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جبکہ صارفین اس پیش رفت کو امید، حوصلے اور نئی شروعات کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
کئی صارفین نے اسے اللہ کی طرف سے حالات بدلنے کی قدرت قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ معاشرے میں ایسے بے شمار باصلاحیت افراد موجود ہیں جنہیں صرف ایک موقع کی ضرورت ہے۔
اظہر میمن کی کہانی کو سوشل میڈیا کی مثبت طاقت کی ایک مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں ایک وائرل ویڈیو نے ایک عام شخص کی زندگی کا رخ بدل دیا۔







