امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ 7 اپریل کو ہونے والی جنگ بندی کے بعد ہی مؤثر طور پر ختم ہو چکی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپریل کے آغاز میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کے بعد ایران کے ساتھ جاری کشیدگی عملی طور پر ختم ہو گئی تھی۔
اس سے قبل بھی امریکی سینیٹ میں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اسی نوعیت کا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ بندی نے مؤثر طور پر لڑائی کو روک دیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ انتظامیہ نے 1973 کے قانون کے تحت 60 دن سے زائد فوجی کارروائی نہیں کی، جس کے لیے کانگریس سے منظوری ضروری ہوتی ہے۔
انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 28 فروری سے شروع ہونے والی صورتحال اب ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق 7 اپریل سے نافذ دو ہفتے کی جنگ بندی کے بعد امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان کسی قسم کی جھڑپ یا فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا۔







