دبئی: ایران اور خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی و امن کوششوں نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے۔ امریکی صدر Donald Trump کے پسندیدہ قرار دیے جانے والے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اب عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں میں نمایاں ہیں۔
ابوظبی سے شائع ہونے والے معروف اخبار The National (Abu Dhabi) نے اپنی خصوصی رپورٹ میں انہیں “ٹرمپ کے فیورٹ فیلڈ مارشل” کے عنوان سے نمایاں کرتے ہوئے ان کے کردار پر تفصیلی تبصرہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی امن کوششوں نے نہ صرف فیلڈ مارشل عاصم منیر بلکہ وزیراعظم Shehbaz Sharif کو بھی عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے، کیونکہ وہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کے عمل میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ تنازعہ عالمی توانائی کی سپلائی اور معیشت پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔
اخبار نے مزید لکھا کہ گزشتہ سال جون میں وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل عاصم منیر کی میزبانی کی تھی اور انہیں “اپنا پسندیدہ فیلڈ مارشل” قرار دیا تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی عرب کی جانب سے انہیں فرسٹ کلاس کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا، جو ان کی عسکری خدمات کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔
تجزیے میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عالمی سطح پر شہرت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ پاک فوج کی قیادت سنبھالنے سے قبل ملک کی دو اہم ترین انٹیلی جنس ایجنسیوں، انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس کی سربراہی بھی کر چکے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال مئی میں بھارت کے ساتھ چار روزہ فضائی کشیدگی کے بعد حکومت پاکستان نے ان کی عسکری قیادت، جرات اور کارکردگی کے اعتراف میں انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی۔
اخبار کے مطابق یہ ترقی ان کی “شاندار عسکری قیادت، جرات، پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور دشمن کے خلاف مضبوط دفاع” کے اعتراف کے طور پر دی گئی۔
رپورٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر کیے گئے بیانات کا حوالہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے جنرل عاصم منیر کو “انتہائی غیر معمولی شخصیت” قرار دیا تھا۔







