پنجاب کے 9 ٹیچنگ ہسپتالوں میں مالی بے ضابطگیاں، محکمہ صحت کا نوٹس

ملتان (سٹاف رپورٹر) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے دوران سالانہ لازمی (پروکیورمنٹ کیلنڈر (APC) پر عملدرآمد نہ کرنے اور مالیاتی نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پر صوبے کے 9 ٹیچنگ ہسپتالوں سے وضاحت طلب کر لی ہے، محکمہ کی جانب سے جن ہسپتالوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں، ان میں پاک اٹالین برن سینٹر ملتان ،سروسز ہسپتال لاہور، سر گنگا رام ہسپتال لاہور، میو ہسپتال لاہور، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال نارووال، بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی، چلڈرن ہسپتال فیصل آباد، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی اور راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال شامل ہیں،حکام کے مطابق اے پی سی پر عملدرآمد اور ادویات و ڈسپوزیبل اشیاء کی خریداری کے اخراجات کا جائزہ لینے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متعلقہ ادارے محکمانہ ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہے،رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ خریداری کے اخراجات کا 57 فیصد حصہ لوکل پرچیز (LP) کے ذریعے کیا گیا، جو کہ طے شدہ پالیسی اور مالیاتی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے،محکمہ صحت نے متعلقہ ہسپتالوں کی انتظامیہ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں