ثقافتی ورثہ قومی شناخت کی بنیاد ہے، اس کے تحفظ میں سب کردار ادا کریں: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثے کے لیے عالمی سطح پر مخصوص دن کا منایا جانا اس کی غیر معمولی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
عالمی یومِ ثقافتی ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ثقافتی ورثہ سماجی تنوع کی عکاسی کرتا ہے، ماضی کی حفاظت کرتا ہے، حال کی ترجمانی کرتا ہے اور مستقبل کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ایک وسیع اور ہمہ جہت تہذیبی پس منظر رکھتا ہے۔ ہماری سرزمین دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کی امین ہے جو انسانی تخلیقی صلاحیت اور ثقافتی تنوع کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں سے خصوصی طور پر اپیل کی کہ وہ اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کریں اور اس کے تحفظ اور فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ورثہ ہماری قومی شناخت اور اتحاد کی اصل روح ہے، اور سب کو مل کر اس قیمتی قومی اثاثے کی حفاظت اور اس کا جشن منانا چاہیے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں