حکومت پنجاب کا بڑا اقدام، جائیداد مالکان کیلئے اسٹیمپ ڈیوٹی میں بڑی کمی

لاہور: حکومت پنجاب نے جائیداد مالکان کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسٹیمپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جائیدادوں پر عائد اسٹیمپ ڈیوٹی کو 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد عوام پر مالی بوجھ کم کرنا اور نظام کو آسان بنانا ہے۔
اس حوالے سے اسٹیمپ (ترمیمی) آرڈیننس پنجاب میں پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت اسٹیمپ ایکٹ 1899 میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی۔ آرڈیننس کے متن میں کہا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں بھی اسٹیمپ ڈیوٹی کو 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنا یکساں قانون سازی کے لیے ضروری ہے۔
آرڈیننس کو گورنر پنجاب کی جانب سے 10 اپریل کو منظوری دی جا چکی ہے۔ متن کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں مختلف شرحوں کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے تھے، جنہیں ختم کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔
مزید برآں مجوزہ ترامیم میں قابلِ منتقلی معاہدوں کو بھی اسٹیمپ ایکٹ 1899 کا حصہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ قانون کو مزید مؤثر اور واضح بنایا جا سکے۔
آرڈیننس منظوری کے بعد 90 روز کے لیے نافذ العمل ہوگا اور اسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ بعد ازاں اسمبلی سے منظوری کے بعد یہ مستقل قانون کی شکل اختیار کرے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں