لاہور: پنجاب حکومت نے فری ٹرانسپورٹ پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ اسکیم کے تحت 21 روٹس پر اب تک تقریباً ایک لاکھ سے زائد مسافر فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر ہزاروں بس ٹرپس مکمل کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکٹرک بسیں اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاءالدین اور اوکاڑہ میں فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ رواں ماہ کے دوران 100 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچیں گی، مئی کے وسط تک مزید 350 جبکہ جون کے اختتام تک 264 بسیں صوبے میں شامل ہو جائیں گی۔ ہر ڈویژن میں ان بسوں کے لیے خصوصی ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے جامع منصوبہ طلب کر لیا جبکہ گجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی اسکیم پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے تحت مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیاں متعارف کرائی جائیں گی۔
مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی، جبکہ ’’ایمپاور-ہر‘‘ منصوبے کے تحت لاہور میں جدید بس اسٹیشنز کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک اسکیم کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی ہے تاکہ سفری سہولت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔







