ملتان(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایک اہم پیش رفت میں ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر کی خالی اسامی پر عبوری انتظام کرتے ہوئے معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر عظمٰی قریشی کو اضافی چارج سونپ دیا ہے۔ اس ضمن میں جاری ہونے والے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر پنجاب/چانسلر نے ویمن یونیورسٹی ملتان ایکٹ 2010 کی دفعہ 11(9) بمعہ دفعہ 9(5) کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے یہ تقرری عمل میں لائی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عظمٰی قریشی جو اس وقت لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی لاہور میں وائس چانسلر کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، کو ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر کا اضافی چارج تین ماہ کی مدت کے لیے یا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک، جو بھی پہلے ہو، سونپا گیا ہے۔ یہ فیصلہ 15 اپریل 2026 سے فوری طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عظمٰی قریشی ایک تجربہ کار ماہرِ تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی نظم و نسق میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف کیمبرج سے 2008-2009 کے دوران جینڈر ایکویٹی اینڈ ہائر ایجوکیشن میں پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کیاجبکہ یونیورسٹی آف برمنگھم سے 1995 تا 1999 ایجوکیشنل مینجمنٹ، پالیسی اینڈ لیڈرشپ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی آف مانچسٹر سے 1992-93 میں ماسٹر آف ایجوکیشن (ماس میڈیا اینڈ ایجوکیشن) بھی ان کے تعلیمی سفر کا حصہ ہے۔ ان کا پیشہ ورانہ کیریئر دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے، جس میں انہوں نے مختلف اہم تعلیمی و انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ اگست 2019 سے اگست 2023 تک ویمن یونیورسٹی ملتان کی باقاعدہ وائس چانسلر رہ چکی ہیں، جہاں انہوں نے چار سال سے زائد عرصے تک ادارے کی قیادت کی۔ اس کے علاوہ وہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں تاحال وائس چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں اور 2010 سے پروفیسر آف ایجوکیشن کے طور پر خدمات انجام دیتی رہی ہیں اور بعد ازاں اکتوبر 2023 سے بطور ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن اور ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف فیکلٹی ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرنیشنلائزیشن (DFDI) ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ مزید برآںوہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں جولائی 2006 سے نومبر 2010 تک شعبہ تعلیم کی چیئرپرسن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنٹر فار ویمن سٹڈیز کے عہدے پر فائز رہیں۔ اس سے قبل وہ فاؤنڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد میں جولائی 2003 تا جولائی 2006 بطور پرنسپل فاؤنڈیشن یونیورسٹی کالج آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز خدمات انجام دیتی رہیں۔ اسی طرح فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں اگست 2000 سے جولائی 2003 تک شعبہ تعلیم، فائن آرٹس اور کمپیوٹر آرٹس کی سربراہ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکی ہیں۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ان کی خدمات کا دورانیہ 16 سال سے زائد پر محیط ہے جہاں وہ مختلف کلیدی عہدوں بشمول قائم مقام وائس چانسلر (جولائی 2015 تا دسمبر 2016)، وائس چانسلر (2017-2018) اور ڈین فیکلٹی آف ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز (مارچ 2015 تا مارچ 2018) پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔ تعلیمی حلقوں نے پروفیسر ڈاکٹر عظمٰی قریشی کی اس تقرری کو ایک اہم انتظامی قدم قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی سابقہ تجربات اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ویمن یونیورسٹی ملتان کے انتظامی و تعلیمی امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گی، خصوصاً ایسے وقت میں جب ادارہ مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کا منتظر ہے۔یونیورسٹی کی تمام ٹیچرزنے روزنامہ قوم کے ایجوکیشن ریسرچ سیل واٹس ایپ گروپ میں پروفیسرڈاکٹرعظمیٰ قریشی کووائس چانسلربننےپرمبارکبادپیش کی ہے۔







