Post Views: 29
ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے حج کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق بغیر اجازت حج ادا کرنے یا حج کی کوشش کرنے پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ غیر قانونی حجاج کو رہائش یا مدد فراہم کرنے والوں پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا۔
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندیاں یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک نافذ العمل رہیں گی۔
اس کے علاوہ وزٹ ویزے پر آنے والے افراد کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ غیر قانونی طور پر حج کرنے کی کوشش پر ملک بدری کے ساتھ ساتھ 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی عائد ہوگی۔







