امریکا اور ایران مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں متوقع، سفارتی سرگرمیوں میں تیزی

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے ایک اور دور کے جلد اسلام آباد میں ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد پہنچ سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں موجود ایرانی سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی رائٹرز سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ امریکا ایران مذاکرات کا اگلا مرحلہ اسی ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل ایک امریکی خبر ایجنسی نے دو پاکستانی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں ثالثی کے کردار پر پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں حقیقی قیادت اور مدبرانہ کردار ادا کیا ہے۔
جے ڈی وینس کے مطابق پاکستان نے ایسے دو ممالک کے درمیان مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا ہے جو طویل عرصے سے سنجیدہ سفارتی رابطوں سے دور تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں