سب رجسٹرار سٹی جاوید خان کا ڈے اینڈ نائٹ کرپشن گھوٹالہ، پنجاب حکومت کی رٹ چیلنج

ملتان(سپیشل رپورٹر)ہاتھی کے پاؤں میں سب کا پاؤں۔ سب رجسٹرار سٹی جاوید خان بدستور مرد میدان ثابت ہو رہے ہیں اور ان کی مرضی کے بغیر اس وقت رجسٹری برانچ میں چڑیا بھی پر نہیں مارتی جبکہ رشوت اور حرام خوری دوبارہ سے بھرپور انداز میں شروع ہے ۔حکومت پنجاب کے احکامات بھی جاوید خان کے سامنے بے بس ہیں کیونکہ حکومت پنجاب کے بورڈ آف ریونیو نے چار روز قبل وامق علی نامی تحصیلدار کی بطور سٹی تقرری کی مگر چارج لینے کے باوجود اسے لاگ ان کا پاس ورڈ جاری نہیں کیا گیا ۔رجسٹری برانچ کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے سب رجسٹرار رات 12 بجے تک دفتر کھلا رکھتے ہیں اور منظور نظر ٹاؤٹ کی طرف سے دیئے گئے انتقال اور بیانات پاس کئے جا رہے ہیں۔ رات کے وقت وہ پرائیویٹ گاڑی میں آکر دفتر چلا رہے ہیں جبکہ باہر سے دفاتر کو تالے لگا دیئے جاتے ہیں ۔یاد رہے کہ کمشنر ملتان ڈویژن کی طرف سے چھاپے کے بعد بہت سا گند صاف ہو گیا تھا مگر چند ہی ہفتوں بعد پرانی روٹین بتدریج بحال ہوتی گئی اور محرر مافیا کے علاوہ ٹاؤٹ مافیا کی ذمہ داریاں کلرک مافیا نے سنبھال لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھاری رشوت کے عوض پرانی تاریخوں میں ایف بی آر ٹیکس کے بغیر اور کم قیمت رجسٹریاں دھڑا دھڑ پاس کی جا رہی ہیں جس کے عوض لاکھوں روپیہ یومیہ رشوت کلیریکل سٹاف جمع کر رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں