کیمپالا: افریقی ملک یوگنڈا کے صدر یووری موسیوینی کے صاحبزادے اور چیف آف ڈیفنس فورسز مہوزی کائنروگابا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر اور شادی کے لیے ترکیہ کی ’’سب سے خوبصورت خاتون‘‘ کے رشتے کا غیر معمولی مطالبہ کر دیا ہے۔ مہوزی کائنروگابا نے دعویٰ کیا کہ علاقائی سلامتی کے مشنز میں یوگنڈا کے کردار کو نظر انداز کیا گیا ہے اور اس کا مالی معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے ترکیہ بھاری منافع حاصل کر رہا ہے، جبکہ ان منصوبوں کی سکیورٹی یوگنڈا کی افواج گزشتہ کئی برسوں سے فراہم کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوگنڈا گزشتہ دو دہائیوں سے افریقی یونین مشن کے تحت عسکریت پسند گروپ Al-Shabaab کے خلاف کارروائیوں کے لیے صومالیہ میں اپنی فوج تعینات کیے ہوئے ہے۔
یوگنڈا کے آرمی چیف نے ترکیہ کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو سفارتی تعلقات منقطع کر دیے جائیں گے اور کمپالا میں موجود ترکیہ کا سفارت خانہ 30 دن کے اندر بند کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوگنڈا کو ترکیہ سے ایک ارب ڈالر ’’سیکیورٹی ڈیویڈنڈ‘‘ کے طور پر ملنا چاہیے، اور یہ ترکیہ کے لیے آسان فیصلہ ہے، بصورت دیگر سفارتی اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید یہ بھی کہا گیا کہ یوگنڈا کے شہریوں کو بطور احتیاط ترکیہ کا سفر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
مہوزی کائنروگابا سوشل میڈیا پر اپنے سخت اور متنازع بیانات کے باعث پہلے بھی خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں۔







