ملتان (نمائندہ خصوصی) ملتان کے علاقے سبزی منڈی میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر رشتہ دار کے ہاتھوں فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق سبزی منڈی میں دکان نمبر 146 پر پیش آنے والے اس واقعے میں ایک شخص نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنے کزن پر فائرنگ کر دی۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 28 سالہ محمد یوسف ولد محمد نواز کے نام سے ہوئی ہے، جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع یا ذاتی اختلافات کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔شہری و سماجی حلقوں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو تنازعات اور ذاتی اختلافات کو تشدد کے بجائے افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے، کیونکہ اسلحہ کا بے جا استعمال نہ صرف سنگین جرم ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بنتا ہے۔







