امریکا اسرائیل فوراً جنگ ختم کریں؛ ایران ہمسایوں پر حملے روکے ؛ اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر حالات کو نہ روکا گیا تو یہ تنازع خطرناک حد تک پھیل سکتا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے امریکا اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کریں تاکہ خطے میں امن کی راہ ہموار ہو سکے۔
انہوں نے ایران سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانا بند کرے، کیونکہ یہ ممالک اس جنگ کا حصہ نہیں ہیں اور ان پر حملے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔
انتونیو گوتریس نے آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی سطح پر لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ ان کا اس تنازع سے کوئی براہ راست تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جاری جنگ نہ صرف شہری آبادی کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہے بلکہ عالمی معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جو خاص طور پر کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام فریقین فوری طور پر جنگ بندی کی طرف آئیں اور سفارتی راستہ اختیار کریں تاکہ مزید تباہی سے بچا جا سکے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والا تنازع شدت اختیار کر چکا ہے، جبکہ ایران نے بھی ردعمل میں خلیجی خطے میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی حالیہ اجلاس میں خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایران سے انہیں روکنے کا مطالبہ کیا، تاہم امریکا نے روس کی جانب سے پیش کی گئی کشیدگی کم کرنے کی قرارداد کو ویٹو کر دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں