پٹرول بحران، مریم نواز کا خصوصی ریلیف پیکج، ملتان میں 35 فری بسیں چل پڑی

ملتان(قوم نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ملتان میں پٹرول کرائسز کے دوران شہریوں کے لئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے اس سلسلے میں عوامی سہولت کے لیے 35 فری بسیں چلادی گئیں ہیں جس سے شہریوں کو مفت پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کی جائیں گی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے گزشتہ روز ملتان کا دورہ کیا اور جنرل بس سٹینڈ پر فری ٹرانسپورٹ سروس کا افتتاح کیا۔کمشنر عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار نے بسوں کے روٹس اور شیڈول کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس اور ویڈا سروس کے ساتھ شہریوں کے ریلیف کے لئے مزید 35 لوکل بسیں بلا معاوضہ چلائی جارہی ہیں۔یہ 35 بسیں وہاڑی چوک سے مختلف روٹس بشمول نشتر ہسپتال، سورج میانی اور نادر آباد پھاٹک تک خدمات فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں شہری مفت پبلک ٹرانسپورٹ سے مستفید ہورہے ہیں کیونکہ حکومت پنجاب نے پٹرول کی بچت کے لیے کفایت شعاری مہم کے واضح احکامات جاری کئے ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ حکومتی احکامات کے مطابق کفایت شعاری مہم پر سختی سے کاربند ہے اور عوامی مفاد میں دیگر روٹس پر بھی فری بسیں چلانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اگلے مرحلے میں مزید عوامی ریلیف کے اقدامات کرے گی۔ دوسری جانب شہریوں نے 35 فری بسوں کے آغاز پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں