تازہ ترین

ٹرمپ کے ایران مذاکرات مسترد، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آسمان پر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی جنگ بندی اور مذاکرات سے متعلق تجاویز کو مسترد کیے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تقریباً 3 فیصد سے زائد بڑھ گئی ہے، جس کے نتیجے میں برینٹ کروڈ آئل 104 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 99 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ ہوتا رہا۔
توانائی مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں بحری راستوں کی صورتحال کے حوالے سے بڑھتی ہوئی غیر یقینی نے سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے اثرات عالمی تیل کی قیمتوں پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 20 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہو چکا ہے، جس سے عالمی معیشت اور توانائی کی سپلائی کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے بھیجی گئی جنگ بندی اور مذاکرات کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے اپنے سخت مؤقف کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے موصول ہونے والا جواب انہیں قابل قبول نہیں اور وہ اس سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس صورتحال کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے اور عالمی توانائی منڈی متاثر ہونے کے امکانات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں