تازہ ترین

مودی کی بھارتی عوام سے حیران کن اپیل: ایک سال تک سونا خریدنے سے گریز کریں

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایران جنگ سے پیدا ہونے والی عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر عوام سے کفایت شعاری اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے حکومتی سطح پر ہونے والے اجلاسوں اور عوامی خطاب میں کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات، خصوصاً ایران جنگ اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی، بھارت کی معیشت پر براہ راست اثر ڈال رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ کم از کم ایک سال تک سونے کی خریداری سے گریز کریں تاکہ ملک کے زرمبادلہ پر دباؤ کم کیا جا سکے۔ بھارت پہلے ہی دنیا کے بڑے سونا درآمد کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے جس کے باعث معیشت پر اضافی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے کیونکہ بھارت کی بڑی مقدار میں ایل این جی اور تیل کی درآمدات آبنائے ہرمز کے راستے ہوتی ہیں، اور موجودہ کشیدگی کے باعث سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے ورک فرام ہوم کلچر اپنانے کی بھی اپیل کی تاکہ ایندھن کی کھپت کم ہو سکے۔ اس کے علاوہ غیر ضروری خریداری اور فضول اخراجات سے بچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نریندر مودی نے کھانے کے تیل کے استعمال میں کمی اور کسانوں کو درآمدی کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث بھارت سمیت کئی ایشیائی معیشتیں شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں