شاہ رخ خان نے کرکٹ کے فروغ کے لیے امریکا میں بڑا قدم اٹھا لیا

لاس اینجلس: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے شریک ملکیتی نائٹ رائیڈرز گروپ نے امریکا میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرکے عالمی کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
گروپ کی جانب سے لاس اینجلس میں قائم کیے گئے نئے کرکٹ گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کا میچ کھیلا گیا، جس میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز اور واشنگٹن فریڈم کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔
نائٹ رائیڈرز کرکٹ گراؤنڈ کو صرف ایک اسٹیڈیم نہیں بلکہ لاس اینجلس میں کرکٹ کے مستقل مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اس میدان میں بین الاقوامی معیار کے مطابق آٹھ وکٹوں پر مشتمل مین اسکوائر، آئی سی سی کے تقاضوں کے مطابق گراؤنڈ کی پیمائش اور 120 فٹ بلند چھ فلڈ لائٹ ٹاورز نصب کیے گئے ہیں۔
اس منصوبے کی تعمیر کے دوران 32 ہزار میٹرک ٹن سے زائد مٹی منتقل کی گئی تاکہ گراؤنڈ کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
شاہ رخ خان نے اس موقع پر کہا کہ برسوں پہلے دیکھا گیا خواب آج حقیقت بن چکا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صرف کرکٹ میچز کی میزبانی کرنا نہیں بلکہ ایسا مقام بنانا ہے جہاں کھیل، تفریح، خاندان اور مقامی کمیونٹی ایک دوسرے کے قریب آ سکیں۔
نائٹ رائیڈرز اسپورٹس کے سی ای او وینکی میسور نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر کرکٹ کے عالمی فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے اور یہ منصوبہ گروپ کی بین الاقوامی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
واضح رہے کہ نائٹ رائیڈرز گروپ اس وقت کولکتہ نائٹ رائیڈرز، ٹرِنباگو نائٹ رائیڈرز، ابوظبی نائٹ رائیڈرز اور لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز سمیت چار مختلف فرنچائزز کا مالک ہے اور مختلف عالمی لیگز میں مجموعی طور پر نو بڑے ٹائٹلز اپنے نام کر چکا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں