ایران کے ہر حملے کا 20 گنا زیادہ طاقت سے جواب دیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کا سخت انتباہ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک مرتبہ پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے امریکا یا اس کے مفادات کو نشانہ بنایا تو واشنگٹن ہر حملے کا جواب 20 گنا زیادہ طاقت کے ساتھ دے گا۔
ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا فوجی محاذ پر ایران کے خلاف پہلے ہی برتری حاصل کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے وسائل محدود ہو چکے ہیں اور وہ معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے، تاہم انہیں اس بات پر شبہ ہے کہ تہران کسی بھی ممکنہ معاہدے کی مکمل پاسداری کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں، جس میں ایران کی جانب سے مبینہ طور پر تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا، ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران واقعی معاہدہ چاہتا ہے تو ایسے اقدامات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ ان کے بقول موجودہ حالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی قیادت کو صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل نہیں، تاہم ان کے خیال میں ایران اب بھی مذاکرات اور معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا پہلے ہی ایران کو سخت جواب دے چکا ہے اور اگر مستقبل میں ایران کی جانب سے دوبارہ کوئی حملہ کیا گیا تو اس کا ردعمل کہیں زیادہ طاقتور ہوگا۔
جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا امریکا دوبارہ ایران کے ساتھ مکمل فوجی تنازع کی طرف بڑھ رہا ہے تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ان کے مطابق امریکا کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں، تاہم فوجی لحاظ سے وہ پہلے ہی خود کو کامیاب سمجھتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں