ایرانی صدر کے استعفے کی خبروں کی سختی سے تردید، حکومت نے افواہیں مسترد کر دیں

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے مبینہ استعفے سے متعلق غیر ملکی میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کو ایرانی حکومت نے سختی سے رد کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
ایران کی انفارمیشن کونسل کے چیئرمین الیاس حضرتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری بیان میں واضح کیا کہ صدر کے مستعفی ہونے یا عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے سامنے آنے والی تمام رپورٹس حقیقت کے برعکس ہیں اور ان کی کوئی مصدقہ بنیاد موجود نہیں۔
انہوں نے ان خبروں کو پھیلانے والے ذرائع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دعووں کا مقصد ایران میں سیاسی بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے، تاہم ایسے تمام بیانیوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صدر مسعود پزشکیان اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں اور حکومتی امور میں نہ تو کوئی رکاوٹ ہے اور نہ ہی کسی قسم کی تبدیلی سامنے آئی ہے۔
اس سے قبل بعض بین الاقوامی میڈیا اداروں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ صدر نے مبینہ طور پر اپنا استعفیٰ سپریم لیڈر کے دفتر کو بھجوا دیا ہے اور حکومت کے اندر اختیارات سے متعلق اختلافات بڑھ رہے ہیں۔
تاہم تہران حکام نے ان تمام رپورٹس کو محض افواہ اور پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں