انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا طاقتور زلزلہ، ہلاکتیں 20 تک پہنچ گئیں

انڈونیشیا کے ساحلی علاقے کے قریب 7.7 شدت کے شدید زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مختلف حادثات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کی صبح انڈونیشیا کے ساحل کے نزدیک آنے والے زلزلے کے بعد متعدد جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، جو مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 58 منٹ پر تقریباً 35 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
شدید زلزلے کے بعد انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی نے ممکنہ سونامی کے خدشے کے پیش نظر ابتدائی طور پر وارننگ جاری کی، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد یہ انتباہ واپس لے لیا گیا۔
انڈونیشین حکام کے مطابق زلزلے کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں اب تک 20 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ آفٹر شاکس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
ادھر آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے واضح کیا ہے کہ سمندر میں آنے والے اس زلزلے کے نتیجے میں آسٹریلیا کی سرزمین، جزائر یا دیگر علاقوں کو سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں