واشنگٹن میں قانون سازوں سے خطاب کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت معاہدہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ وہ موجودہ صورتحال سے تھک چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ٹرمپ کے مطابق امریکا اس معاملے میں مؤثر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور امید ہے کہ مسئلہ جلد خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا بنیادی مقصد ایران کے جوہری پروگرام کو روکنا اور خطے میں مزید کشیدگی سے بچنا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی کانگریس میں ریپبلکن اکثریت نے ایک قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے، جس کے تحت ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے صدر کو کانگریس کی منظوری لینا لازم ہو سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس مجوزہ قرارداد کا مقصد ایران کے خلاف جنگی اقدامات کو قانونی دائرے میں لانا ہے۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے جبکہ عالمی برادری اس بات پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے کہ تنازع مزید وسیع نہ ہو جائے۔







