کراچی (شوبز/عدالتی رپورٹر): انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC) نے اغوا اور کرپٹو کرنسی لوٹ مار کیس کا سات صفحات پر مشتمل عبوری چالان جمع کرا دیا، جس میں معروف اداکار منیب بٹ کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزمان نے 23 اپریل کو مدعی محمد متعال کو شاہراہ فیصل کے علاقے سے مبینہ طور پر اغوا کیا اور اس سے تقریباً 24 لاکھ 94 ہزار روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی سمیت دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔ بعد ازاں متاثرہ شخص کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھوڑ کر ملزمان فرار ہوگئے۔
تحقیقات کے دوران اداکار منیب بٹ پر یہ الزام بھی زیر غور آیا کہ انہوں نے مبینہ ملزمان کو مری میں رہائش فراہم کی تھی، تاہم تفتیش میں اس دعوے کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہ آنے پر انہیں عبوری چالان میں بے قصور قرار دے دیا گیا۔
چالان میں پولیس اہلکار غالب کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شاہد ستار، محمد سلیم، علیم اور وزیر محمد کو گرفتار ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب منیب بٹ، محسن راجپر اور عبدالرحمن چانڈیو اس مقدمے میں ضمانت پر ہیں، جبکہ کیس کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔







