تہران: ایرانی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ “خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر” نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں تو اسے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی فوجی ترجمان کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی 84 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں اور خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے دعوے کیے گئے ہیں، لیکن زمینی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی اور اسرائیلی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے واضح کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی اور اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیاں نہ روکی تو ایران کی مسلح افواج بھرپور اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خطے میں کسی بھی جارحیت کا مؤثر مقابلہ کیا جائے گا اور یکطرفہ فوجی کارروائیوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔







