پنجاب حکومت نے 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر بجلی ڈیوٹی نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025ء صوبائی اسمبلی سے براہِ راست منظور کرلیا گیا، جس کے تحت صنعتی اور کمرشل صارفین جو 500 کے وی اے سے زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں، اُن پر فی یونٹ 4 پیسے بجلی ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔
بل کے مطابق 500 کے وی اے تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ڈیوٹی سے استثنا حاصل ہوگا، جب کہ 500 کے وی اے سے بڑے جنریٹر رکھنے والے ادارے کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔
تمام گھریلو صارفین کو مکمل طور پر بجلی ڈیوٹی سے مستثنا قرار دیا گیا ہے۔ نیشنل گرڈ سے وابستہ صنعتی و کمرشل صارفین سے ڈیوٹی کی وصولی ڈسکوز کے ذریعے کی جائے گی، جب کہ نجی بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے یہ ڈیوٹی الیکٹرک انسپکٹرز کے ذریعے وصول کی جائے گی۔
ترمیمی بل کے تحت پنجاب فنانس ایکٹ 1964ء میں تبدیلیاں کی جائیں گی، اور بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔








