آج کی تاریخ

وزارتوں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی کارکردگی میں بہتری کے لیے تمام وزارتوں کو ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ گورننس کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
وزارت بجلی کی جانب سے اصلاحاتی اقدامات پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ 70 برسوں سے جس روایتی نظام کے تحت چلایا جا رہا ہے، وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید، ڈیجیٹل اور مؤثر نظام کے بغیر ملک میں ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسائل اور باصلاحیت افرادی قوت سے مالا مال ہے، جو دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزارت بجلی کی ٹیم خصوصاً اویس لغاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت کی جانب سے کیے گئے اصلاحاتی اقدامات، نقصانات میں کمی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت قابل تقلید مثال ہے۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ نظام کی تبدیلی کے لیے بین الاقوامی سطح کے تجربہ کار ماہرین اور کنسلٹنٹس کی رہنمائی ناگزیر ہے تاکہ مؤثر گورننس کے نئے طریقے اپنائے جا سکیں۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے افراد کی بھرتی، وزارتوں کی جدید خطوط پر تنظیم نو اور گورننس کی بہتری کے لیے فوری طور پر ایک کمیٹی قائم کی جائے۔ یہ کمیٹی وزارت بجلی کے اصلاحاتی ماڈل کو بنیاد بنا کر دیگر وزارتوں اور اداروں کے لیے بھی جامع سفارشات مرتب کرے گی۔
اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ نیشنل الیکٹرسٹی پلان کے تحت وزارت بجلی نے 134 اصلاحی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا ہے، اور اس وقت وزارت میں ماہرین کی مدد سے جدید ورکنگ ماڈل نافذ کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، اویس لغاری، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشرف زیدی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں