ملتان ( رفیق قریشی سے)میپکو سب ڈویژنل سطح پر بجلی کے پولز فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں کی بڑی تعداد مقررہ وقت پر بجلی کے پولز فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ۔کمرشل اور صنعتی کنکشن کی مقررہ وقت پر تنصیب ایک خواب بن گئی جبکہ مقررہ مدت میں بجلی کے پولز فراہمی میں ناکام ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے میپکو افسران ٹھیکیداروں کی اجارہ داری کے سامنے بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ میپکو کے متعلقہ سٹورز سے نیو کنکشن میٹریل کے اجراء کرانے کے دس سے پندرہ روز کے بعد بھی نیو کنکشن کی تنصیب صرف اس لیے نہیں کی جارہی کہ ٹھیکیدار بجلی کے پولز فراہم نہیں کرپارہے۔ نیو کمرشل اور صنعتی کنکشن کے حصول کے لیے لاکھوں روپےکے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے باوجود شہری اس صورت حال سے بہت پریشان ہیں۔ ذرائع نےبتایا کہ لاکھوں روپے ادائیگی کے باوجود کنکشن کی تنصیب کے وقت ٹھیکیدار کے ملازمین پولز نصب کرنے اور متعلقہ سب ڈویژن کا لائن سٹاف ٹرانسفارمر پلیٹ فارم پر رکھنے ،کنکشن چالو کرنے کے لیے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں اور یہ سب کچھ میپکو افسران کی ناک کے نیچے ہورہا ہوتا ہے جو کمرشل وصنعتی کنکشن کے صارفین کے لیے دوہری پریشانی کا سبب بنتی ہے نیو کنکشن کے خواہشمند شہری نے میپکو اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر نیو کنکشن تنصیب کے موقع پر پولز کی تنصیب کے اضافی چارجز بھی شہری لیبرز کو ادا کرنے پر مجبور ہیں تو ڈیمانڈ نوٹس میں انسٹالیشن چارجز بشمول لیبر چارجز درخواست دہندگان سے وصول نہ کیے جائیں تاکہ ٹھیکیدار کی لیبرز اور لائن سٹاف کو موقع پر ہی اجرت دے دی جائے ۔
