وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت میں استحکام سے نہ صرف مارکیٹ کو نئی زندگی ملی ہے بلکہ ترقی کے مزید دروازے بھی کھل گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق، عالمی پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والی فرم الویریز اینڈ مارسل کے وفد نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاکستان میں نجکاری کے عمل اور خودمختار ویلتھ فنڈ کے قیام کے حوالے سے جاری مشاورت کا حصہ تھی۔
وفد کی قیادت ڈویژن ایگزیکٹو پیٹر بریگز نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ الاِبعاری اور گلوبل ہیڈ آف سوورین ایڈوائزری رضا باقر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پیٹر بریگز نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی یہاں اپنا دفتر قائم کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ حکومت کو نجکاری کے عمل میں مدد فراہم کی جا سکے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف متوجہ کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے الویریز اینڈ مارسل کی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اب تک 24 سرکاری اداروں کو نجکاری کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے معیشت میں بہتری کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی شپنگ کمپنی اے پی مولر میرکس کی میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری افراد کے نئے جذبے کا ذکر کیا۔
آخر میں، وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ الویریز اینڈ مارسل کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی معیشت کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرے گی۔
