آج کی تاریخ

لاہور: سمگلڈ دودھ چوری، تحقیقات کا دائرہ وسیع، کسٹم انسپکٹر سمیت مزید 4 اہلکار گرفتار

ملتان (وقائع نگار) کسٹم کے افسران کی ملی بھگت سے کسٹم کے ویئر ہاؤس کتاربند روڑلاہور سے کروڑوں روپے مالیت کے خشک دودھ کی چوری میں کسٹم انسپکٹر ردا حسن ،کانسٹیبل محمد طلحہ ،کانسٹیبل محمد شعیب اور دفتری وقاص احمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ۔کسٹم کے افسران سمیت 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ کلکٹر کسٹم سعید وٹو کی قیادت میں کسٹم کی ٹیم نے چھاپہ مار کر سمگلر آصف منظور اور ساجد منظور کے شیخوپورہ میں واقع گودام سے خشک دودھ کے 1200 بیگ برآمد کر لئے۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ کتار بند روڈ لاہور پر واقع کسٹم کے ویئر ہاؤس میں سپرنٹنڈنٹ اصغر پوریوال ،انسپکٹر فیصل ڈھیلو ،انسپکٹر ردا حسن ،کانسٹیبل محمد طلحہ ،کانسٹیبل محمد شعیب دفتری وقاص احمد ،نعمان لیاقت ،بلال اصغر ،دلاور ،ندیم اور عظیم نے کسٹم کے ویئر ہاؤس سے خشک دودھ کے کارٹن چوری کر کے حکومتی خزانے کو پانچ کروڑ 72 لاکھ 11 ہزار 668 روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ کسٹم حکام نے کسٹم انسپکٹر فیصل ڈھیلو سے انکوائری کے بعد مزید کسٹم کے افسران انسپکٹر ردا حسن، دو کانسٹیبلوں اور دفتری کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ سپرنٹنڈنٹ اصغر پوریوال پہلے ہی مفرور ہے ۔ملزمان نے سیزر رپورٹ میں 377 بیگ کم ظاہر کر کے پہلے ہی فروخت کر دیئے تھے اس کے علاوہ 1632دودھ کے بیگ سے دودھ نکال کر ان میں اٹا،لکڑی کا برادہ، اور چاک پاؤڈر بھر دیا اس مجرمانہ فعل کو چھپانے کے لیے ویئر ہاؤس میں پکڑے گئے خشک دودھ جس کی مالیت 4 کروڑ 64 لاکھ 75 ہزار 581 روپے تھی اس پر واجب الادا کسٹم ڈیوٹی ودیگر محصولات کا تخمینہ 2 کروڑ 38 لاکھ 63 ہزار 600 روپے بنتی ہے اس میں سے بھی 377 سمگل شدہ بیگ چوری کر لیے جس کی مالیت ایک کروڑ 7 لاکھ 36 ہزار 73 روپے ہے جس پر کسٹم ڈیوٹی 55 لاکھ 12 ہزار 609 روپے ہے اس طرح ملزمان نے کل 5 کروڑ 72 لاکھ 11 ہزار 668 روپے کا سمگل شدہ دودھ چوری کر کے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔ واضح رہے کہ کسٹم سپرنٹنڈنٹ اصغر پوریوال نے پہلے بھی کسٹم کے ویئر ہاؤس سے کاسمیٹکس کی مختلف پراڈکٹس چوری کی تھی جس کی مالیت 2 کروڑ 80 لاکھ روپے بنتی تھی اس پر بھی سپرنٹنڈنٹ اصغر پوریوال کے خلاف مقدمہ درج ہوا مگر وہ گرفتاری سے قبل ہی فرار ہو گیا تھا کلکٹر کسٹم سعید وٹو نے اصغر پوریوال کی ضمانت کورٹ سے خارج کروا دی اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں دوسری جانب انسپکٹر فیصل ڈھیلو کی نشاندھی پر کلکٹر کسٹم سعید وٹو کی قیادت میں کسٹم کی ٹیم نے شیخوپورہ میں سمگلر آصف اور ساجد کے گودام میں چھاپہ مار کر خشک دودھ کے 1200 کارٹن برآمد کر لیے ہیں۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں