آج کی تاریخ

قوم بنا بجلی صارفین کی آواز، میپکو کو ترس آگیا، آن لائن میٹنگ مختصر، شنوائی شروع

ملتان ( رفیق قریشی سے ) ملتان سمیت میپکو ریجن میں آن لائن میٹنگ کے حوالے سے روزنامہ قوم میں شائع ہونے والی خبر کے بعد میپکو ڈویژنل ،سب ڈویژنل افسران کو شکایات کے ازالے اور مسائل کے حل کے لیے آنے والے میپکو صارفین پر ترس آگیا۔ گذشتہ روز مختصر’’آن لائن میٹنگ‘‘کا انعقاد کیا گیا ۔میپکو صارفین اس خوشگوار تبدیلی کو دیکھ کر حیرانی میں میں مبتلا ہوگئے۔ دن بارہ بجے ختم ہونے والی آن لائن میٹنگ دس بجے ہی ختم کردی گئی جس پر صارفین نے سکھ کا سانس لیا۔ ملتان کے ایک سب ڈویژنل افسر نے ایک صارف کو دیکھ کر کہا’’آج تو کوئی میٹنگ نہیںہورہی میپکو صارفین کی شکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے‘‘۔ واضح رہے کہ روزنامہ قوم میں جمعرات 19جون کو شائع ہونے والی خبر میں آن لائن میٹنگ سے صارفین کو در پیش پریشانی اور تکلیف دہ انتظار کا تفصیل سے ذکر کیا گیا تھا ۔سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے میپکو صارفین نے اپنے کمنٹس میں روزنامہ قوم کی رپورٹنگ کو سراہا۔ دوسری جانب میپکو ترجمان کا موقف تھا آن لائن میٹنگز کا انعقاد صارفین کی سہولت ہی کے لیے کیا جارہا ہے ۔مالی سال کے اختتامی دنوں میں ریکوری اور لائن لاسز کے ٹارگٹس حاصل کرنے اور بجلی چوروں، نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن، نئے کنکشنوں کی فراہمی اور خراب /جلنے والے میٹرز کی تبدیلی، ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن، بیلنسنگ، فیڈرز اور لوٹینشن سکیموں کی پیشرفت اور صارفین کی شکایات کے اندراج و ازالے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آن لائن میٹنگزکا انعقاد کیاجارہاہے۔ کئی کئی گھنٹے میٹنگز جاری رہنے والی صورتحال نہیں ہے۔ صارفین کی شکایات کے بروقت اور فوری ازالے کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ میپکو ہیڈ کوارٹر کے ریجنل کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹر(سی ایف سی)سمیت ملتان شہر میں 4 کسٹمر فیسیلیٹیشن سنٹرز 24/7تین شفٹوں میں فعال ہیں اور آن لائن سسٹم سے منسلک سی ایف سی نہ صرف ایئرکنڈیشنڈ ہیں بلکہ صارفین کی سہولت کے لئے ہر سی ایف سی میں 3,4کاؤنٹرز قائم ہیں جہاں رابطہ کرنے والے صارفین کی شکایات کا آن لائن اندراج کرکے متعلقہ دفاتر میں بھیجی جارہی ہیں۔صارفین گھر بیٹھ کر اپنی شکایات مختلف پلیٹ فورمز کے ذریعے آن لائن درج کرواسکتے ہیں جنکا فوری ازالہ بھی یقینی بنایاجارہاہے۔ تمام سب ڈویژنوں میں موصو ل ہونے والی شکایات کو کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم(سی سی ایم ایس) پر آن لائن رجسٹرڈ کرکے صارفین کو میسجز بھی بھیجے جارہے ہیں۔ صارفین کی شکایات درج ہونے سے ازالہ ہونے تک مسلسل رابطہ رکھاجاتاہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں