اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے عید الفطر سے قبل ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 27 مارچ کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری اور برفباری کا بھی امکان ہے۔
بونیر، دیر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں 25 سے 27 مارچ کے دوران بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 25 اور 26 مارچ کو کرک، لکی مروت، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی توقع ہے، اس دوران ژالہ باری اور برفباری بھی ممکن ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 سے 27 مارچ کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ وسطی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی اسی دوران بارش متوقع ہے۔
سندھ میں 25 اور 26 مارچ کو گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ بلوچستان کے مختلف شہروں، جن میں کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن اور مستونگ شامل ہیں، میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی اور ژالہ باری کے باعث بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ شدید بارشوں کے سبب بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
بالائی پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری متوقع ہے، جس کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
