آج کی تاریخ

ریلوے کی جلد بازی، خراب ٹریک فٹ قرار، خوشحال ایکسپریس چلا دی، سانحےکا انتظار

ملتان(نمائندہ خصوصی)افسر شاہی کی طرف سے ریلوے ٹریک کو فٹ قرار دینے کی غلط رپورٹس پر خوشحال خان خٹک ایکسپریس مسافروں کے لئے وبال جان ثابت ہوگی ۔سکھر ڈویژن میں کشمور کالونی تا جیکب ریلوے ٹریک کی حالت انتہائی خراب ہے، ٹرین کا ڈیرہ غازی خان تک پہنچنا ایک مشکل عمل بن گیا ہے۔ جمعہ کے روز بھی پشاور سے کراچی کے لئے جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی ایک بوگی جیکب آباد سے روانہ ہوتے ہی صرف دو کلومیٹر کے بعد ہی ریلوے ٹریک سے اترگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جیکب آباد تا کشمور کالونی تک ریلوے ٹریک جو کہ ڈبل بلاک سلیپرز پر مشتمل ہے میں ایک بھی پتھر موجود نہیں ۔اس کے ساتھ ہی ٹریک زگ زیگ حالت میں ہے۔ ریلوے حکام نےاگرچہ جیکب آباد کشمور سیکشن پر ٹرین کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی ہے تاہم باوجود اس کے ٹرین ڈرائیور ڈیرہ غازی خان سٹیشن پر پہنچنے پر سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ بخیریت پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ روٹ کو ٹرین آپریشن کے لئے فٹ کئے بغیر ہی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو چلادیا گیا ہے جو مسافروں کے ساتھ زیادتی ہے کیونکہ اس روٹ پر ٹرین کے اترنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہے گا۔ذرائع کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی بحالی کے حوالہ سےوزارت ریلوے کے دبائو پر کسی ریلوے آفیسر نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ نہیں کیا کہ وہ وفاقی وزیر کو درست صورتحال سے آگاہ کریں کہ ٹریک فٹ کئے بغیر ٹرین آپریشن ممکن نہیں جس کا نتیجہ سامنے آنا شروع ہوگیا ہے اور جمعہ کے روز ہی ٹرین کی بوگی پٹری سے اتر گئی جس سے مسافروں کو گھنٹوں خواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال پر مسافروں اور ریلوے سٹاف نے احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزرات ریلوے دیگر حکام سے ٹریک کو فوری فٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں