لاہور پولیس کی ٹیم عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرنے اڈیالہ جیل پہنچی، مگر عمران خان نے ٹیسٹ کے لیے پیش ہونے اور تعاون کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے لاہور پولیس ٹیم کے سامنے آنے سے گریز کیا جس کے باعث پولیس نہ تو فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کر سکی اور نہ ہی وائس میچنگ ٹیسٹ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کی ٹیم اڈیالہ جیل میں تقریباً چار گھنٹے تک انتظار کرتی رہی، مگر عمران خان کا انکار برقرار رہا جس کے بعد ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔
لاہور پولیس ٹیم دوپہر پونے ایک بجے عدالتی احکامات پر اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاکہ 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کے سلسلے میں پولی گرافک ٹیسٹ مکمل کیا جا سکے۔ عمران خان اس سے قبل بھی تین بار اس ٹیسٹ کو کروانے سے انکار کر چکے ہیں۔
ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم کے ساتھ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین بھی شامل تھے۔
