آج کی تاریخ

اٹھارہ سالہ دیانتدار سروس کے باوجود سب انسپیکٹر پر ڈی پی او خانیوال کا “انصاف” بھاری پڑ گیا

ملتان(کرائم سیل) درجنوں اعلیٰ پولیس آفیسرز کے ساتھ انتہائی ایمانداری اور میرٹ پر 18 سال ملازمت کرنے والے خانیوال کے سب انسپکٹر پر ڈی پی او خانیوال کے “منفرد میرٹ” کا عتاب نازل ہو گیا اور اسے توہین آمیز جملوں سے نواز کر ملازمت کے لیے مس فٹ قرار دے دیا تاہم جس قائم مقام ڈی پی او نے ان کے چہیتے اور چار رتنوں میں شامل ایک رتن کو اس کی کوتاہی پر ایس ایچ او شپ سے لائن حاضر کر دیا تھا، ان سے شکوہ تک نہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک چھٹی پر کینیڈا گئے تو قائم مقام ڈی پی او خانیوال کا چارج ڈی پی او وہاڑی کو دے دیا گیا۔ اس دوران ہائی کورٹ نے کسی مقدمے میں ذاتی طور پر ایس ایچ او کچا کھوہ ارسلان امجد کو طلب کیا اور انہیں طلبی کی باقاعدہ اطلاع ڈی ایس پی لیگل کے طور پر کام کرنے والے اللہ دتہ سیال نے دے دی اور انہیں پابند کیا کہ وہ ہر صورت عدالت حاضر ہوں مگر ضلع خانیوال کے چار چہیتے ایس ایچ او حضرات میں سے پسندیدگی کے میرٹ پر دوسرے نمبر پر قرار پانے والے ایس ایچ او کچا کھوہ ارسلان امجد نے پرواہ نہ کی اور سنی ان سنی کر دی تو عدالت میں حاضر نہ ہوئے جس پر عدالت نے فوری طور پر قائم مقام ڈی پی او خانیوال کو طلب کر لیا اس بابت قائم مقام ڈی پی او نے ابتدائی رپورٹ کے بعد ایس ایچ او کو لائن حاضر کر دیا، لیگل برانچ کی طرف سے کی جانے والی اس شکایت کو ڈی پی او خانیوال کا واپس چارج لینے کے بعد اسماعیل کھاڑک نے اپنے دل میں رکھ لیا اور اسی دوران کبیر والا میں بھی اسی قسم کی عدالتی طلبی برائے کبیر والا پولیس آ گئی جسے بہانہ بنا کر ڈی پی او نے قائم مقام ڈی ایس پی لیگل کے طور پر کام کرنے والے اللہ دتہ کو طلب کرکے سخت ڈانٹ پلائی اور اسے بے نقط سنائیں۔ قائم مقام ڈی ایس پی لیگل حافظ اللہ دتہ نے تمام ثبوت اور کاروائی ڈی پی او کو دکھائی مگر وہ کسی بات کو تسلیم کرنے کو تیار نہ ہوئے اور کہنے لگے کہ میں آپ کو نوکری سے نکال دوں گا جس پرحافظ اللہ دتہ نے کہا کہ میں نے 18 سال عزت سے نوکری کی ہے مجھے آپ کا ہر حکم منظور ہے۔ آپ کے پاس اختیار ہے۔ آپ میرا میڈیکل بورڈ کروائیں اور مجھے فارغ کرا دیں۔ اس صورتحال پر جب روزنامہ قوم نے اللہ دتہ سیال سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس پر بات نہیں کرنا چاہتے لہٰذا نو کمنٹس۔

شیئر کریں

:مزید خبریں