اسلام آباد میں واقع بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 22 سالہ طالبہ کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد تھانہ رمنا پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ 19 اپریل بروز ہفتہ کو پیش آیا۔ مقتولہ کی بہن، جو اس کیس کی مدعی بھی ہیں، نے پولیس کو بتایا کہ ایک نامعلوم نوجوان ہاسٹل میں داخل ہوا۔ جب مقتولہ کمرے سے باہر نکلی تو ملزم نے زبردستی کمرے میں گھس کر سب کو خاموش رہنے کا حکم دیا اور مقتولہ پر فائرنگ کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے تین رومیٹس کی موجودگی میں فائرنگ کی، جس سے متاثرہ طالبہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ مقتولہ کی عمر 22 سال بتائی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔
