آج کی تاریخ

احمد پور شرقیہ: سپیشل برانچ کے جعلی اہلکار سمیت اسلحہ، منشیات کے 2 سمگلرز کو ڈیل پر ڈھیل

بہاولپور (قوم ریسرچ سیل) پولیس کی خفیہ ایجنسی(سپیشل برانچ) کا جعلی ملازم بن کر منشیات سمگلنگ کرنے والا بہاولپور کا اسلحہ ڈیلر اللہ ڈتہ عرف طارق احمد پور شرقیہ کے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کلیموں والے سے بہاولپور میں باقر پور کے رہائشی اکرم چنڑ جو کہ منشیات کا بہت بڑا ڈیلر ہے کہ منشیات لانے کے لیے اسکے کارندے فلک شیر نائی کے ہمراہ بھاری مقدار میں منشیات لانے کے لیے جاتے ہوئے وائرلیس سیٹ کی وجہ سےمشکوک جان کر ایلیٹ فورس احمد پور نے گرفتار کر کے ڈی پی او بہاولپور کو نوٹس میں تو دے دیا مگر تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ کی بھاری ڈیل کے بدلے ملزمان کو بڑی ڈھیل دینے کے شوائد سامنے آئے ہیں۔ جس نے احمد پور شرقیہ پولیس کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھا دئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان دونوں ملزمان اللہ ڈتہ عرف طارق اور فلک شیر عرف فلہ نائی کے موبائل سے متعدد جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں پولیس کو مدد مل سکتی تھی مگر پولیس کی ڈیل کے بدلے مزید کوئی ملزم بھی گرفتار نہ ہو سکا۔پولیس ذرائع سے جو معلومات ملی ہیں ان کے مطابق پچھلے ہفتے بہاولپور کے بدنام زمانہ اسلحہ ڈیلر اللہ ڈتہ عرف طارق اور فلک شیر ایک کار میں منشیات لینے کے لیے احمد پور شرقیہ گئے تو گشت پر موجود ایلیٹ کی گاڑی نے انہیں چیک کیا جس پر اللہ ڈتہ نے گاڑی کا شیشہ نیچے کر کے وائرلیس دکھاتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ ڈیوٹی پر ہیں مگر پولیس نے مشکوک جان کر ان سے پوچھا تو اللہ ڈتہ نے کہا کہ میں کل ہی ادھر تعینات ہوا ہوں سپیشل برانچ میں ملازم ہوں۔اہلکاروں نے انچارج سکیورٹی خرم ذکا سے بھی تصدیق کی جس پر تمام تر معاملات ڈی پی او بہاولپور کے نوٹس میں آئے جس پر ڈی پی او نے مزید تفتیش کے احکامات جاری کیے۔اسی دوران تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ نے ملزمان سے ڈیل کر لی اور اس کی اسلحہ کی دکان جو کہ بند روڈ بہاولپور میں واقع ہے جس کے پاس آرمورر اسلحہ مرمت کرنے کا لائسنس ہے پولیس نے ریڈ کیا ۔بہاولپور سے ذرائع کے مطابق اس ریڈ میں پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا مگر کیونکہ پولیس کی ڈیل ہو چکی تھی اس لیے اس پر چند رائفلیں اور پسٹل ڈال کر مقدمہ نمبر415/25 آرمز ایکٹ درج کر لیا اسی طرح پولیس نے جعلی پولیس افسر بننے کا ایک اور مقدمہ نمبر 414/25بجرم 419 ت پ یعنی دو پرچے اللہ ڈتہ پر اسلحہ اور جعلی پولیس بننے کے درج کیے ۔اسی طرح بہاولپور کے بڑے منشیات فروش کے کارندے فلک شیر پر بھی فرضی کارروائی کے طور پر ایک 1100 گرام کا منشات کا مقدمہ درج کر لیا جس میں ان دونوں ملزمان کے چند ہی روز میں ضمانت ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ جبکہ روزنامہ قوم کو مختلف ذرائع سے جو معلومات ملی ہیں ان کے مطابق یہ دونوں افراد کافی عرصے سے اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جو وائرلیس سیٹ برآمد ہوا ہے وہ بھی ایک پولیس افسر کا ہے جس کے ساتھ ناجائز اسلحہ کا کاروبار کرنے والے طارق کی پارٹنرشپ ہے۔ یاد رہے کہ بہاولپور میں تھانہ بغداد کے مشہور ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والے شکیل برگر کیس میں بھی طارق کا ہی اسلحہ استعمال ہوا تھا اس کے علاوہ شہر میں ہونے والی مختلف وارداتوں کے دوران قتل اور فائر لگنے کے واقعات میں سے اکثر واقعات میں اسی کا اسلحہ استعمال ہوتا ہے مگر ہر مرتبہ اس بار کی طرح پولیس کو بھاری نوٹ دے کر ہلکی دفعات کے مقدمات میں چالان ہو کر رہا ہو کر دوبارہ یہ کاروبار شروع کر دیتا ہے جو کہ بہاولپور پولیس کے سربراہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں