آج کی تاریخ

پولیس گردی: ایس ایچ او مخدوم پور قرۃ العین کی چھٹی، ڈی پی او بچانے میں ناکام

ملتان( عوامی رپورٹر )تمام تر کوششوں کے باوجود ڈی پی او خانیوال معصوم شہری کی ٹانگ توڑنے کے بعد اس کے خلاف منشیات کی بھاری مقدار کا مقدمہ درج کرنے والی تھانہ مخدوم پور کی خاتون ایس ایچ او قرۃ العین کو بچا نہ سکے اور اعلیٰ حکام کے نوٹس کے بعد انہیں ایس ایچ او شپ سے ہٹا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ قرۃ العین نے ایک علاقے میں غیر قانونی طور پر ریڈ کیا تو وہاں موجود ایک نوجوان نے جس کا نام محمد عدنان تھا محض یہ پوچھنے کی گستاخی کر لی تھی کہ پولیس یہ چھاپہ کیوں مار رہی ہے جس پر ایس ایچ او قرۃ العین نے اپنے عملے کو حکم دیا کہ پہلے تو اس کو جواب دو اور پھر اسے اٹھا کر پولیس کی گاڑی میں ڈال دیا گیا اور ایک ویرانے میں لے جا کر اس کی ٹانگیں توڑ دی گئیں۔ اس کے باوجود خاتون ایس ایچ او مخدوم پور قرۃ العین کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا اور انہوں نے محمد عدنان پر منشیات کا پرچہ درج کرا دیا جس کی تفصیلات روزنامہ قوم سمیت مختلف میڈیا پر شائع ہوئی تو ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے انکوائری کا حکم دیا جس میں خاتون ایس ایچ او قصوروار ثابت ہوئیں تو انہیں ایس ایچ او شپ سے ہٹا دیا گیا۔واضح رہے کہ روزنامہ قوم چندروزپہلے یہ خبرچھاپ چکاہے کہ جنوبی پنجاب پولیس اسٹیٹ میں تبدیل ہوچکاہے۔شہریوں پرظلم وستم کرنے میں افسران وماتحت ایک پیج پرہیں۔ ناجائز مقدمات، جعلی کارروائیاں، ناجائز قبضے،ہاف فرائی،فل فرائی معمول بن چکاہے۔ ملتان، مخدو م پور،مخدوم رشید، لودھراں، وہاڑی،بہاول پور،کچاکھوہ،تلمبہ،اوچ شریف میں کئی واقعات سامنےآچکےہیں۔شہری وسماجی حلقوں نے ا س صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب اورایڈیشنل آئی جی پنجاب سے نوٹس لینےکامطالبہ کیاہے۔

19 ستمبر2025 کوروزنامہ’’قوم‘‘میں شائع ہونے والی خبر کا عکس

شیئر کریں

:مزید خبریں